ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کورونا وائرس کو لے کر بھٹکل میں بھی احتیاطی اقدامات؛ بیرون ممالک سے آنے والوں پر خصوصی نظر؛ صفائی ستھرائی پر زور دینے ذمہ داران کی تاکید

کورونا وائرس کو لے کر بھٹکل میں بھی احتیاطی اقدامات؛ بیرون ممالک سے آنے والوں پر خصوصی نظر؛ صفائی ستھرائی پر زور دینے ذمہ داران کی تاکید

Wed, 11 Mar 2020 18:34:02    S.O. News Service

بھٹکل:11؍مارچ(ایس اؤ نیوز) کورونا وائرس کو لے کر جہاں دنیا بھر میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں وہیں بھٹکل میں بھی آج بدھ کو  احتیاطی تدابیر کا جائرہ لیا گیا اور عوام الناس پر زور دیا گیا کہ کورونا وائرس سے خوف کھانے کے بجائے ذاتی طورپر  صفائی ستھرائی پر زیادہ زور دیں  اور وائرس کو مزید  پھیلنے نہ دیں ۔  یہاں بھٹکل تحصیلدار دفتر میں منعقدہ  میٹنگ میں تعلقہ صحت عامہ کے آفیسر ڈاکٹر مورتی راج نے کہا کہ اس بخار سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے البتہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ تحصیلدار دفتر میں کورونا وائرس کو لے کر تعلقہ بھر میں کیا کچھ اقدامات کئے گئے  ہیں اس کے تعلق سے میڈیا کو جانکاری دی گئی۔

ڈاکٹر مورتی نے کہاکہ نوویل کورونا  وائرس دراصل  کورونا وائرس کی نئی قسم ہے،جو انسانوں اور جانوروں کو بیماری میں مبتلا کرتی ہے، ابھی تک متعلقہ بیماری کا علاج کا پتہ نہیں لگایا گیا ہے  مگر علامتوں کو دیکھ کر بیماری کا علاج ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  جس کسی شخص میں بیماری کی علامتیں ظاہرہوں انہیں  ناک، گلے کے سیال اور خون کی لیباریٹری میں جانچ کرتے ہوئے وائرس کی تصدیق کرنی چاہئے۔ اس معاملے میں زیادہ تر بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کی سخت نگرانی کی جارہی ہے، مزید بتایا کہ بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کامعائنہ کیا جارہا ہے اگر کچھ علامتیں ظاہرہوتی ہیں تو ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس کے مناسب علاج کا بندوبست بھی کیا گیا ہے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ   بیرون ممالک سے آنے والوں کی وہ  بھی  اطلاع دے سکتےہیں اور اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے چند پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اسی کے ذریعے ہم وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ کھانسنے ، چھینک مارنے کے دوران میں کپڑےیا ٹیسو کی مدد سے  منہ کو بند رکھیں ،عوامی جگہوں پر نہ تھوکیں۔ باربار صابون سے ہاتھوں کو دھوتے رہیں، اسی طرح منہ کو سوکھا نہ رکھیں بلکہ تھوڑی تھوڑی دیر بعد پانی پیتے رہیں۔ اس کے باوجود وائرس کی علامتیں ظاہر ہوتی ہیں تو فوری طورپر نزدیک کے اسپتال پہنچ کر جانچ کرائیں۔ اس سلسلےمیں ضلع کے ڈپٹی کمشنر  کی ہدایات پر تعلقہ کے سبھی افسران کی میٹنگ طئے کرتےہوئے وائرس کے متعلق بیداری پیدا کی گئی ہے۔

میٹنگ میں تعلقہ اسپتال کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت  نے خطاب کرتے ہوئے  کورونا وائرس کی روک تھام کے تعلق سے معلومات فراہم کی تحصیلدار وی پی کوٹرولی ، تعلقہ نپچایت آفیسر پربھاکر چکنمنے ، سنئیر صحت عامہ افسر ایریا دیواڑیگا و دیگر آفسران  موجود تھے۔


Share: